نصیرمغل کاضلع پونچھ کے تولیدی صحت وفلاحی مراکزکادورہ
راولاکوٹ(کشمیر ایکسپریس نیوز) ڈائریکٹر جنرل بہبودآبادی آزاد کشمیر جناب محمد نصیر مغل نے کو ضلع پونچھ کے مختلف مراکز تولیدی صحت و فلاحی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈی جی نے مراکز میں تعینات ملازمین کی کارکردگی،اور ریکارڈ کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں ضلعی دفتر بہبودآبادی پونچھ میں ضلعی آفیسر سرفرازاحمدخان سے محکمانہ کارکرگی۔موجود وسائل اور درپیش مسائل کے متعلق بریفنگ لی۔ضلعی آفیسر نے محکمانہ اہداف اور ان کے حصول کے لیے کیے گیے تمام اقدامات کے متعلق پریزنٹیشن پیش کی۔
اس موقع پر ڈی جی نے مختلف احکامات اور ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی صاحب نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول اور بنیادی حفظان صحت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔
دوردراز علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد پر زور دیا تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر فیملی پلاننگ اور بنیادی صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔ دوران حمل ماں اور بچے کی صحت کے متعلق خواتین کو بنیادی صحت اور نیوٹریشن پلان پر خصوصی آگاہی فراہم کرنے کے لیے محکمانہ پیرامیڈکیس سٹاف کو ھدایات جاری کیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے، ملازمین اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور عوام کو دہلیز پر خدمات فراہم کریں۔اس موقع پرشہاب عارف عاصمہ اندلیب سحروش،میڈم شہنازارشدکیانی ظفربٹ سردارریاض خان ودیگرموجودتھے۔
