ذوالحج کا چاند ,مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب
ذوالحج کا چاند دیکھنے ,مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب اجلاس پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کراچی میں طلب کیا گیا،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد صدارت کریں گے
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (اتوار کو) طلب کر لیا گیا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج) 17 مئی بروز اتوار 29 ذیقعدہ کو طلب کر لیا گیا ہے، چاند کی رویت کے بعد عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا کہ اجلاس پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کراچی میں طلب کیا گیا،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ زونل اور ڈسٹرکٹ رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی شام اپنے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔
چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ دوسری جانب سپارکو نے پیشگوئی کر رکھی ہے کہ ذوالحج کا چاند 17 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اس طرح عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کی قوی توقع ہے۔
