مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) ناظم تعلقات عامہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر طارق جمیل درانی سے صدر آزاد کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی (AKNS) سردار زاہد تبسم کی سربراہی میں AKNS کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں سیکرٹری جنرل اے کے این ایس ذوالفقار بٹ، سینئر صحافی سردار عبدالحمید اور جاوید اقبال شامل تھے۔ صدر AKNS سردار زاہد تبسم نے طارق جمیل درانی کو ناظم تعلقات عامہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفد نے ریاستی اخبارات کے کردار، میڈیا کی بہتری، ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ اور ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں صحافتی اقدار کے فروغ، معلومات کی بروقت فراہمی اور روایتی و ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناظم تعلقات عامہ طارق جمیل درانی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات اور میڈیا ریاستی ترقی، عوامی آگاہی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ایک دوسرے کے معاون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر کے اخبارات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور صحافی برادری کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں رہے گا۔
حکومت کی ترجیح عوام تک مستند، بروقت اور درست معلومات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے میڈیا کے ساتھ مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔محکمہ اطلاعات کے افسران سید آصف حسین نقوی، راجہ عبدالباسط، سردار شمیم انجم عزیز، محمد صغیر ، ساجد نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
