حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم 

حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، کرنٹ اکانٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، ہم نے اب معاشی بنیادوں کے استحکام کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے بعد پالیسی ریٹ میں کمی کی گئی، پالیسی ریٹ میں کمی سے صنعت ترقی کرے گی، ہائوسنگ کے شعبے کا معیشت میں اہم کردار رہا ہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے ،کم لاگت کے گھروں کی تعمیر اہم ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے شرح سود میں کمی اہم کردار ادا کرے گی،

سستے گھروں کی تعمیر میں مائیکروفنانس بنکوں کا اہم کردار ہوگا، اب حکومت مقامی سطح پر قرضے نہیں لے گی، حکومت نجی شعبے کی ہر سطح پر سپورٹ کیلئے تیار ہے، حکومت اب ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مارٹگیج فنانسنگ کے حوالے سے سٹیٹ بینک سے بات چیت ہوگی، سب اچھے کی خبر اس وقت تک نہیں ہے جب تک ہم لوگوں کو اعتماد میں نہ لیں، بینکنگ انڈسٹری زیادہ پیسہ خرچ کرتی ہے اس کا پتہ چلنا چاہیے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا کام پالیسی کا تسلسل اور درست ماحول فراہم کرنا ہے، حکومت ہر جگہ اپنا تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.