بی آئی ایس پی کی ای کچہری،مسائل حل کی یقین دہانی

بی آئی ایس پی کی ای کچہری، کالرزکومسائل حل کی یقین دہانی

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کاای-کچہری سیشن کا انعقاد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج بی آئی ایس پی کے آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ کے ذریعے لائیو ای-کچہری سیشن کا انعقاد کیا۔ ایک گھنٹہ 10 منٹ جاری رہنے والی ای-کچہری کے دوران ملک بھر سے 35 کالرز نے کال کرکے چیئرپرسن کواپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

چیئرپرسن رو بینہ خالد نے عملے کو تمام مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ای ۔کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کی براہ راست شکایات سننا اور انکا سدباب کرنا ہے۔

انہوں نے کالرز کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کیلئے سروے کی کوئی فیس نہیں ہے اور سروے بالکل مفت کیا جاتا ہے ۔ اگر بی آئی ایس پی کے نام پر آپ سے کوئی کسی بھی قسم کی فیس کا تقاضہ کرے تو وہ آپ سے جھوٹ بول رہا ہے۔ بی آئی ایس پی کی کسی بھی مرحلے پر کسی سکیم کی کوئی فیس نہیں ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ سروے ہونے کے بعد 2 سال سے قبل اس گھرانے کا سروے ممکن نہیں لہذا بار بار سروے کی درخواست نہ کریں نہ ہی بار بار سینٹرز جا کر خود کو تکلیف میں ڈالیں ۔

انہوں نے کالرزسے اپیل کی کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ بی آئی ایس پی کی امداد کے مستحق نہیں ہیں وہ سامنے آئیں اور اپنی نشاندہی کرائیں ۔ایسے افراد ہمارے لئے قابل تعریف ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ جو حق دار ہیں انکو انکا حق ملے۔

انہوں نے کہا کہ 8171 کے علاوہ کسی بھی دوسرے نمبر پر بھروسہ نہ کریں، تمام دوسرے نمبرز سےآنے والے میسج در حقیقت فراڈ ہیں ۔ مستحق خواتین سے گزارش ہے کہ وہ اپنی رقم پوری گن کے وصول کریں اور کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر اپنی شکایت کا اندراج 080026477 پر کرائیں یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں ۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ فراڈ میں ملوث پائے جانے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.