رانا قاسم نون کی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے اہم ملاقات
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)رانا محمد قاسم نون، وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر نے آج چیئرمین سینیٹ محترم سید یوسف رضا گیلانی سے اُن کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات نہایت خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں کشمیر کاز اور اسے قومی و بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے آئندہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی جاری کاوشوں، قومی قیادت، کشمیری نمائندوں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مختلف سطحوں پر روابط سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر مسئلے کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ سینیٹ پاکستان کشمیری عوام کی آواز بلند کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ لائبریری میں خصوصی “کشمیر کارنر” قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری بھی دی۔ یہ کارنر کشمیر کے حوالے سے تاریخی دستاویزات، کتب، تحقیقی مواد اور پارلیمانی ریکارڈ کو یکجا کر کے قومی و عالمی سطح پر آگاہی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشمیر کے قومی مؤقف کو مضبوط بنانے اور اسے بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔

Comments are closed.