میرپور میں بھارتی یومِ جمہوریہ کے خلاف یومِ سیاہ، شاندار احتجاجی ریلی اور مظاہرہ
میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز) بھارت کے یوم جمہوریہ کومیرپورمیں ”یوم سیاہ“ کے طور پر منایا گیا اس سلسلہ میں ضلع میرپور میں ضلعی انتظامیہ،سیاسی جماعتوں،انجمن تاجراں،ملازمین تنظیموں، تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ اور سول سوسائٹی کے زیراہتمام احتجاجی ریلی ضلع کچہری سے نکالی گئی
جومیاں محمدروڈ سے ہوتی ہوئی چوک شہیداں پہنچی جہاں یوم سیاہ کے سلسلہ میں بڑااحتجاجی مظاہرہ ہوا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان نے کی۔ ریلی کے شرکا ء نے سیاہ جھنڈے، پلے کارڈز، بینرز اٹھا رکھے تھے اور بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔
پلے کارٖڈز اور بینرز میں ہندوستانی جارحیت اور بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء بھارتی جمہوریہ مردہ باد،بھارتی افواج مردہ باد، ہے حق ہماراآزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، بھارتی غاصبو چھوڑ دو کشمیر کو، پاکستان زندہ باد، تحریک آزادی کشمیرزندہ باد، پاک فوج زندہ بادکے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔
ریلی سے ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان نے خطاب کیا جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر چوہدری گلبہار ایڈووکیٹ نے قراردادیں پیش کیں۔
احتجاجی ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر میاں حسام ساجد، ڈپٹی مئیر محمد رمضان چغتائی،ڈپٹی ڈائریکٹر لبریشن سیل سردار عظیم سرور، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اسحاق مغل،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن راجہ شیراز احمد خان، ایڈیشنل ڈی ایچ اور ڈاکٹر ندیم فضلدار، تحصیلدار چوہدری عمران یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع راجہ اشتیاق احمد خان، مسلم کانفرنس کے عبدالشکور مغل، سینئر مدرس اسحاق چوہان، ملازمین تنظیموں کے راہنماؤں مسعود راٹھور، راشد بزمی کے علاوہ انجمن تاجراں وکلاء،صحافیوں سمیت سول سوسائٹی نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 78 سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں بسنے والوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھارکھے ہیں اور ہندوستان میں بھی آباد مسلمانوں کو حقوق نہیں دیے جارہے۔
بھارت دنیا کی نظروں میں خود کو جمہوری ملک کہلاوانے کے لیے نام نہاد یوم جمہوریہ مناتا ہے۔کشمیری اس دن کو اسوقت تک یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے جب تک بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔
انھوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا قابض،دہشت گرد اور قاتل کی حیثیت رکھتا ہے جس نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ہماری ماؤں،بہنوں،بھائیوں کا خون کیا کشمیری شہداء کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وہ وقت اب دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی اور ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک آزادکشمیر کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انھوں نے عوا م الناس کی طر ف سے یوم سیاہ کے احتجاجی مظاہرہ میں بھرپور شرکت کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر چوہدری گلبہار ایڈووکیٹ نے مختلف قراردادیں پیش کیں جنھیں اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ان قراردادوں میں کہا گیا کہ بھارت نے سیکولر ازم کے نام پر تمام مذہبی اقلیتوں کا استحصال کرتے ہوئے جینا دوبھر کر رکھا ہے۔
جمہوریت انسانی آزادیوں اور حق رائے دہی کا نام ہے جب کہ ہندوستان نے کشمیریوں کو ان کے جمہوری اور پیدائشی حق حق خود ارادیت سے محروم کیا ہوا ہے بھارت کا جمہوریہ اور سیکولر ریاست کہلا نا صرف ایک ڈھونگ ہے۔
ایک اور قرار داد میں بھارت کی طرف سے آرٹیکل 370 اور A-35 کے خاتمہ سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے، مسلم آبادی کی اکثریت کے تناسب کو تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش کی پر زور الفاظ میں مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے ان کے پیدائشی اور مسلمہ حق ” حق خود ارادیت دلوانے کے لیے ممکنہ اقدامات بروئے کارلانے پر زور دیا گیا ہے جس کا وعد UNCIP کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔
ایک اور قرارداد میں حریت کانفرنس کے قائدین کی نظر بندیوں،گر فتاریوں اور حق خودارادیت کی جدو جہد کرنے والے عام شہریوں پر مقدمات کرنے اور ان کو پابند سلاسل کرنے کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم یافتہ کشمیری نو جوانوں کی ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات کی بھر پورالفاظ میں مذمت کی گئی۔
ایک اور قرار داد میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی طرف سے کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے مضبوط اور جاندار موقف پیش کرنے پر انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے آخرمیں مقبوضہ کشمیرکی آزادی،پاکستان کی سلامتی،خوشحالی،ترقی،مسلح افواج پاکستان کی سربلندی، وطن عزیز کے عالمی چیلنجوں کامقابلہ کرنے اور امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کے لیے دعائیں کی گئیں۔

Comments are closed.