اوورسیز پاکستانی کسی بھی صورت میں قوم سے الگ نہیں ہیں،سید قمر رضاچیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن
مظفر آباد( وقائغ نگار)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے زیراہتمام اووسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے تعاون سے منعقدہ اوورسیز کشمیریز کنونشن 2026 سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستانیوں اورکشمیریوں کے ملکی معیشت میں کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کسی بھی صورت میں قوم سے الگ نہیں ہیں بلکہ وہ ملک کے وہ محنت کش سپوت ہیں جو معاشی بہتری کے لیے دیارِ غیر میں جا کر کام کرتے ہیں۔ کچھ افراد مشرق وسطیٰ جبکہ کچھ مغربی ممالک میں روزگار کے لیے گئے، مگر ان کی کمائی کا بڑا حصہ پاکستان اور کشمیر کی معیشت کو مضبوط بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔
چیئرمین نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری پاکستان کے فارن ایکسچینج کا تقریباً 80 فی صد حصہ بھیجتے ہیں، گزشتہ سال انہوں نے 33.5بلین ڈالر بھیجا جبکہ اس سال یہ بڑھ کر 41بلین ڈالر تک پہنچے گا اور پاکستان کے فارن ایکسچینج ذخائر بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے اوورسیز کمیونٹی کے لیے قائم کیے گئے خصوصی ڈیسک، کمپلینٹ پورٹل اور دیگر سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کشمیر کی ترقی کے لیے نجی شعبے کو آگے لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھا کر روزگار پیدا کیا جا سکتا ہے، جس سے عام کشمیری کو خوشحالی میسر آئے گی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ملک اور اوورسیز کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہے گی اور جہاں بھی ممکن ہوا، اپنی خدمات جاری رکھے گی۔
