وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھورکی قیادت میں ہرشعبہ ہائے زندگی میں بہتری لارہے ہیں،علی شان سونی
بھمبر(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی کاکہناہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھورکی قیادت میں ہرشعبہ ہائے زندگی میں بہتری لارہے ہیں۔
سماہنی جنڈی چونترہ کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کےدوران انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی بہتری کے پوائنٹ ویو سے چوہدری نثار احمد کی قیادت میں قائم ہونے والی ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی ایک احسن اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہسپتال کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو میڈیکل افسران اور ٹیکنیکل اسٹاف سمیت 19 آسامیوں کی منظوری کے لیے سمری محکمہ مالیات کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کی جلد منظوری متوقع ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ فوری طور پر دو میڈیکل افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر حکومت نے مزید کہا کہ 50 بستر پر مشتمل ہسپتال کی عمارت پہلے ہی تعمیر کی جا چکی ہے، اب کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں اسے مزید اپ گریڈ کیا جائے اور یہاں ٹراما سنٹر بھی قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سماہنی میں ریسکیو 1122 کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور اس کے لیے علیحدہ عمارت کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
مزید برآں سماہنی میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

Comments are closed.