بدلتے عالمی تقاضے،فنی تعلیم کافروغ ناگزیر:فیصل راٹھور

بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں کے پیش نظر فنی تعلیم کو فروغ دینا ناگزیر ہے،فیصل راٹھور

 

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آمدہ تعلیمی پیکج کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔

 

اجلاس میں وزراء حکومت چوہدری محمد رشید، سردار ضیاء القمر، پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم ظفر محمود خان، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محترمہ تہذیب النساء، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن قاضی عنایت، سیکرٹری مالیات حسن محمود سمیت دیگر متعلقین نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سکولز اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے وزیراعظم کو مجوزہ تعلیمی پیکج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ کوئی بھی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔

 

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تعلیم کی فراہمی ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے تاکہ معاشرے کے پسماندہ اور غریب طبقات کے بچوں کو ان کی دہلیز پر معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں کے پیش نظر فنی تعلیم کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا سکے اور وہ روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت عصر حاضر کی ضرورت ہے، مصنوعی ذہانت کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.