فخرہےپاکستان کودنیاثالث کےطورپردیکھ رہی ہے،فیصل راٹھور

فخر ہے کہ پاکستان کو دنیا ثالث کے طور پر دیکھ رہی ہے،فیصل راٹھور

 

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ فخر ہے کہ پاکستان کو دنیا ثالث کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کے کردار پر حکومت پاکستان اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

 

ایک مضبوط فوج ہی ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی ضامن ہے۔ جب عام آدمی کا نظام سے اعتبار اٹھ جائے تو ایکشن کمیٹیاں بنتی ہیں، لیڈر ویژن دیکر جاتا ہے،

 

مظفرآباد شہر کی خوبصورتی کیلئے منصوبہ لارہے ہیں، ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن کوشش ہیکہ ایسی بنیاد رکھ جائیں جس کے دوررس اثرات ہوں۔

 

ڈاکٹر عبدالحلیم خان ایک کردار تھے، انسان چلا جاتا ہے کردار زندہ رہتا ہے، ڈاکٹر عبدالحلیم کو شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ ڈاکٹر عبدالحلیم خان سے میرا روایتی نہیں بلکہ ذاتی تعلق تھا، اس خاندان سے برسوں کا رشتہ ہے

 

میرے والد محترم کا اس خاندان سے دیرینہ تعلق رہا ہے، ڈاکٹر عبدالحلیم خان کی شخصیت اور کردار زندہ رہیگا۔ ڈینٹل کالج کا پی سی ون تیار ہے کوشش ہوگی کہ اس کو موجودہ بجٹ میں رکھ کر جائیں۔

 

ان خیالات کا اظہارانہوں نیجناح ڈینٹل ہسپتال کی جانب سے منعقدہ سابق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جناح ڈینٹل ہسپتال ڈاکٹر عبدالعلیم خان کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

تعزیتی ریفرنس سے ڈاکٹر عبدالعلیم خان کے بھائی و چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی عبدالماجد خان، ممبر قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر آفتاب، ڈاکٹر منظور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

تعزیتی ریفرنس میں وزراء حکومت سید بازل علی نقوی اور سردار ضیاء القمر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ڈاکٹر عبدالعلیم خان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہاں موجودہوں۔

 

انہوں نے کہاکہ جن حالات میں حکومت کی ذمہ داری لی آج اللہ کے فضل و کرم سے حالات کافی بہتر ہیں، چیزیں بہتری کی طرف جارہی ہیں۔ میرے والد محترم کے پاس نو ماہ کی حکومت رہی لیکن لوگ آج بھی انکو انکے کردار کیوجہ سییاد کرتے ہیں۔

 

وزیراعظم نے اس موقع پر سینٹرپلیٹ قبرستان کیساتھ میت کو غسل دینے کیلئے جگہ مختص کر کے وہاں تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

 

انہوں نے کہاکہ پاکستان سے ریاست کا رشتہ مضبوط ہے اسکو مضبوط سے مضبوط ترکرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں اعلانات کے بجائے عملدرآمد کو فوقیت دیتاہوں، ڈاکٹر عبدالحلیم خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

 

چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی عبدالماجد خان نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کا تعزیتی ریفرنس آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈاکٹر عبدالحلیم ہمارے خاندان کا اثاثہ تھے، جناح ڈینٹل ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جس طرح ڈاکٹر عبدالحلیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا یہ ایک اعزاز ہے۔

 

جب ڈاکٹر عبدالحلیم کی شادی تھی تو اسوقت ممتاز حسین راٹھور شادی کے قافلے کے ساتھ پشاور گئے اور شادی کی تقریبات میں شریک رہے۔ آج بطور وزیراعظم آپ کی تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ 2005 میں ڈاکٹر عبدالحلیم نے اپنے گھر سے 14 لاشیں اٹھائیں لیکن اللہ نے میرے بھائی کو ہمت عطا کی۔ آج 26 مارچ کو ڈاکٹر عبدالحلیم نے ریٹائر ہونا تھا لیکن زندگی نے ساتھ نہیں دیا۔

 

جس انداز سے انہوں نے جناح ڈینٹل ہسپتال میں خدمات دیں اسکی مثال نہیں ملتی۔ ڈاکٹر عبدالحلیم کو جس طرح اہلیان مظفرآباد نے الوداع کیا وہ بھی ایک اعزاز ہے۔

 

ممبر قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحلیم خان شہر کے مایہ ناز ڈاکٹر تھے۔ انکو خراج عقیدت پیش کرنا ایک اچھی روایت ہے۔

 

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے والد محترم راجہ ممتاز حسین راٹھور کا اس شہر سے خاص رشتہ تھا، اس شہر سے ممتاز راٹھور ایم ایل اے بنے، جب 1990 میں ممتاز حسین راٹھور وزیراعظم تھے تو انہوں نے جناح ڈینٹل ہسپتال کیلئے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا،

 

انہوں نے اسوقت کے ایچ خورشید یونیورسٹی کالج گراونڈ کا سنگ بنیاد رکھا اور 5 لاکھ روپے دیے اور اس کے بعد ایگرو ٹیک گراونڈ پر جب عید گاہ بنی تو وہاں بھی سیرت کمیٹی اور عیدگاہ کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ کا اعلان کیا۔

 

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالحلیم نے اس ادارے کو مضبوط کرنے کیلئے وقت لگایا۔ اس ادارے کو ڈاکٹر عبدالحلیم کے نام سے منسوب کیا جائے۔ پلیٹ کو مظفرآباد کی سیاست اور معاشرت میں اہم مقام حاصل ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ 9 ماہ کی وزارت عظمی ممتاز راٹھور نے جو کام کیے وہ آج بھی یاد ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر خواجہ منظور احمد سابق ڈائریکٹر جناح ڈینٹل ہسپتال نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحلیم نے اس ہسپتال کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔

 

جناح ہسپتال کیلئے ابتدائی فنڈز کی منظوری دینا ممتاز حسین راٹھور کا اعزاز تھا۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب نے محکمہ صحت کے مسائل حل کرنے پر وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحلیم ایک نفیس انسان تھے انہوں نے محکمہ کی بہتری کیلئے دن رات کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی پروموشن اور پیرامیڈیکل سٹاف کے معاملات جلد حل کر لیے جائیں گے۔

 

عبدالحفیظ اعوان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحلیم ایک معالج نہیں بلکہ ایک مسیحا تھے، وہ ہر مشکل گھڑی میں چھوٹے ملازمین کے ساتھ ڈھال بن کر کھڑے ہو جاتے تھے، انکی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا پورا نہیں ہو سکتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.