یونیورسٹی آف حویلی کا پہلا سینٹ اجلاس ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد،صدارت قائم مقام صدر لطیف اکبر نے کی
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت یونیورسٹی ا ٓف حویلی آزاد جموں وکشمیر کا پہلا سینٹ اجلاس ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف حویلی آزاد جموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد، سابق چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر باغ، قائد اعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اسلم بیگ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد احمد اور دیگر نے شرکت کی۔
سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی ا ٓف حویلی آزاد جموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز چوہدری لطیف اکبر اور سینٹ کے دیگر ممبران کو جامعہ حویلی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور جامعہ حویلی کو درپیش مسائل سے بھی اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے بتایا کہ گزشتہ سال یونیورسٹی آف حویلی کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ حویلی کے عوام کے لئے حکومت آزادکشمیر اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے جامعہ حویلی کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے قائمقام صدر آزاد کشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹیز چوہدری لطیف اکبر سے درخواست کی کہ جامعہ حویلی مسائل کے حل اور فنڈز کی فراہمی کے لئے حکومت آزادکشمیر کو بھی ہدایات دی جائیں تاکہ یونیورسٹی کو درپیش مسائل جلد حل کیے جاسکیں۔
اس موقع پر قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹیز چوہدری لطیف اکبر نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف حویلی پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد کو ہدایت کی کہ جامعہ حویلی میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھی جائے اور اس سلسلے میں قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز چوہدری لطیف اکبر نے وائس چانسلر جامعہ حویلی پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
