ہر دل تک قرآن کا پیغام پہنچانا وقت کی ضرورت ہے،حمیرا طارق

ہر دل تک قرآن کا پیغام پہنچانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں ـ ڈاکٹر حمیرا طارق

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ “معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار” کے عنوان سے اساتذہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ “ہر دل تک قرآن” ہماری تحریک کا سلوگن، ہماری دعوت اور ہماری جدوجہد کا مرکز ہے۔ رمضان المبارک میں بھی اسی عنوان کے تحت دورۂ قرآن کی محافل جاری رکھی گئیں تاکہ قرآن کا نور ہر گھر، ہر دل اور ہر ذہن تک پہنچ سکے۔+

انہوں نے کہا کہ عورت فطری طور پر دینِ اسلام سے بے پناہ محبت رکھتی ہے اور ایک استاد عورت اس معاملے میں مزید حساس، باشعور اور ذمہ دار ہوتی ہے۔ آج یہاں جمع ہونے والے اساتذہ دراصل قرآن کی محبت میں جمع ہوئے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو قرآن کے مشن کو لے کر آگے بڑھنے والے اور قوم کے حقیقی معمار ہیں۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آج ہماری نوجوان نسل شدید فکری، اخلاقی اور روحانی بحران کا شکار ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نشے جیسی مہلک لعنت میں مبتلا ہو رہی ہے۔ خودکشیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اخلاقی بیماریوں نے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، مگر قرآن مجید ہر مرض کی شفا، ہر اضطراب کا سکون اور ہر اندھیرے کا اجالا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہر دل تک قرآن” کا پیغام عام کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرے کو ان فکری اور اخلاقی بیماریوں سے نجات دلائی جا سکے۔ اساتذہ کرام اپنی تدریس کے ساتھ قرآن کی تعلیم، اس کی فکر اور اس کے پیغام کو بھی جوڑیں۔ اگر بچے چھوٹے ہیں تو انہیں انبیائے کرام کے ایمان افروز قصے سنائیں، قرآن میں بیان کردہ قوموں کے عروج و زوال کے واقعات سے روشناس کروائیں اور ان کے عقائد و نظریات کی درست بنیادوں پر تربیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر معاشرے میں باشعور عورت موجود ہے تو معاشرہ زندہ ہے، اور جب معاشرہ زندہ ہو تو اصلاح کی امید بھی باقی رہتی ہے۔ وہ قوم کبھی زوال پذیر نہیں ہو سکتی جس کی خواتین باکردار، باشعور اور قرآن سے وابستہ ہوں۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی فکری، اخلاقی اور نظریاتی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کو صرف نصابی تعلیم ہی نہیں بلکہ اعلیٰ اخلاق، مضبوط کردار اور دینی شعور سے بھی آراستہ کریں۔

انہوں نے تمام اساتذہ کرام سے درخواست کی کہ وہ الضیاء چینل کو لائک اور سبسکرائب کریں تاکہ مثبت، فکری اور اصلاحی پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔

کنونشن کے اختتام پر صدر حلقہ لاہور عظمیٰ عمران نے تمام مہمانوں، مقررین اور اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہی وہ طبقہ ہے جو قوموں کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ قرآن و سنت کی روشنی میں نئی نسل کی ایسی تربیت کریں گے جو پاکستان کو ایک مضبوط، باکردار اور مثالی اسلامی معاشرہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی- لاہور بھر سے اساتذہ کرام کی بہت بڑی تعداد نے اس کنونشن میں شرکت کی ۔#

Leave A Reply

Your email address will not be published.