بریڈفورڈ(کشمیر ایکسپریس نیوز)اوورسیز ایڈوائزری کونسل انٹرنیشنل کے چیئرمین اور سابق مشیر حکومت راجہ خالد خالق کی جانب سے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 24ویں سالگرہ کے موقع پر بریڈفورڈ کے ایک مقامی ہوٹل میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اوورسیز کشمیری کمیونٹی، سیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں مہمانوں کا ڈھول کی تھاپ اور پھولوں کے ہاروں سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب کی نظامت مفتی راجہ کامران حبیب نے انجام دی جبکہ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت نشاط احمد پریمی نے حاصل کی۔ صوفیانہ کلام نے محفل کو روحانی رنگ بخشا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
تقریب کی صدارت چیئرمین جموں و کشمیر حقِ خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کی جبکہ روزنامہ کشمیر ایکسپریس کے ایڈیٹر شمیم اشرف خصوصی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 24ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
اپنے خطاب میں ایڈیٹر روزنامہ کشمیر ایکسپریس شمیم اشرف نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس گزشتہ 24 برس سے مسئلہ کشمیر، اوورسیز کشمیریوں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبار نے ہمیشہ حق، سچ اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور آئندہ بھی یہی مشن جاری رہے گا۔
صدرِ تقریب راجہ نجابت حسین نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخبار نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں مختلف ادوار کے دوران سیاسی کرپشن اور انتظامی بے ضابطگیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی وسائل کا غلط استعمال اور سیاسی مفادات کے لیے اداروں کا استعمال ایک سنگین مسئلہ رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ برطانیہ کی سیاست میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔
میزبان تقریب راجہ خالد خالق نے کہا کہ روزنامہ کشمیر ایکسپریس نے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل اور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات صحافت اور قومی مقاصد کے لیے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں۔
تقریب میں سابق مشیر حکومت راجہ شوکت ایڈووکیٹ، سردار عبدالرحمن ممتاز سکالر، سابق چیئرمین ایم ڈی اے حاجی چوہدری منشاء، اسسٹنٹ کمشنر ایم ڈی اے راجہ علی اصغر، ریٹائرڈ تحصیلدار چوہدری مہربان حسین، سینئر ایڈووکیٹ راجہ لیاقت حسین، معروف کاروباری شخصیت چوہدری ارشد ڈڈیال، کونسلر طلعت سجاول، آصف ڈی سی، چوہدری ابرار، شیخ سعید احمد، راجہ ریاض، سابق لارڈ میئر محمد شفیق، معروف صحافی و کالم نگار راجاسب مغل، انوار احمد، راجہ مقصود احمد، راجہ ایوب، راجہ محمد سلیمان، یاسر عرفات، چوہدری ساجد پنوں، شاہنواز فوٹوگرافر، ذوالفقار حسین جعفری، غلام سجاد اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی مزید کامیابی، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل، پاکستان، آزاد کشمیر اور اوورسیز کشمیری کمیونٹی کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
