مسئلہ کشمیر بارے متحدہ بیانیہ وقت کی ضرورت،پارلیمانی کمیٹی

مسئلہ کشمیر بارے متحدہ بیانیہ وقت کی ضرورت،پارلیمانی کمیٹی

 

اسلام آباد( کشمیر ایکسپریس نیوز) پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اِن کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے کی۔

 

اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر و اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وفاقی وزراء، سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور آزاد جموں و کشمیر کی جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

 

اجلاس کے آغاز میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر کے عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے۔

 

رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نوجوانوں، دانشوروں اور میڈیا کا متحدہ بیانیہ ناگزیر ہے۔ آزاد کشمیر کی جامعات میں تحقیق، معیارِ تعلیم اور ایکسیلینس کو فروغ دینا چاہیے

 

انہوں نے کہا کہ قومی نصاب میں کشمیر اسٹڈیز، کشمیری ثقافت اور آزادیٔ جموں و کشمیر کے موضوعات شامل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے

 

عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر سے آگاہی ضروری ہے۔ کشمیر پاکستان کی قومی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

 

اجلاس سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہی ہے ، آزاد کشمیر کی جامعات معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

 

اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے اجلاس سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین قابض افواج معصوم کشمیریوں کا خون بہا رہی ہیں

 

نصابِ تعلیم میں کشمیری زبان، ثقافت اور تہذیب کی شمولیت ناگزیر ہے۔قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات کو مالی استحکام دینے کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت ناگزیر ہے۔

Comments are closed.