پرائم منسٹر گولڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب نڑول کرکٹ اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد
مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)پرائم منسٹر گولڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب نڑول کرکٹ اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس میں سابق قومی کرکٹر سعید اجمل، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی مسعود ممتاز راٹھور، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ملک شوکت حیات اور سی ای او پرائم منسٹر گولڈ کپ فہد راٹھور سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ایونٹ کو خوب سراہا۔ اس موقع پر میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں کشمیری گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کا لہو گرما دیا۔ شاندار آتش بازی نے تقریب کو مزید دلکش بنا دیا، جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے شہری شبیر احمد نے موٹر سائیکل جیت کر خوشی سمیٹی۔ٹورنامنٹ 15 مئی سے 23 مئی تک جاری رہے گا،
جس میں آزاد کشمیر کے دس اضلاع کی ٹیموں کے علاوہ جموں اور ویلی کی دو ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 12 ٹیمیں ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر سعید اجمل نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے اس ایونٹ کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو مواقع ملتے ہیں بلکہ ایک پرامن کشمیر کا مثبت پیغام بھی دنیا تک پہنچتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں 200 سے زائد نوجوان کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جن میں سے باصلاحیت کھلاڑی مستقبل میں قومی سطح پر ملک و قوم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
سی ای او پی ایم گولڈ کپ فہد راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ایونٹ کا انعقاد کشمیری نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ شرکت کر کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھائیں۔
انھوں نے کہا کہ پرائم منسٹر گولڈ کپ کشمیری نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک سنہری موقع ہے، جس کے ذریعے وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنا سکتے ہیں اور کشمیر کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
