بریڈفورڈ،کرس ہرڈلارڈمئیر،فلک احمد نے ڈپٹی لارڈمئیرمنتخب
بریڈفورڈ کونسل کے سالانہ اجلاس میں نئے لارڈ مئیر اور ڈپٹی لارڈ مئیر کا اعلان کر دیا گیا، جبکہ دوسری جانب کونسل میں سیاسی رسہ کشی اور اقتدار کے لیے جوڑ توڑ بھی جاری ہے۔
بریڈفورڈ (شمیم اشرف )بریڈفورڈکونسل اجلاس میں کرس ہرڈ کو بریڈفورڈ کا نیا لارڈ مئیر منتخب کیا گیا، جبکہ فلک احمد نے ڈپٹی لارڈ مئیر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ نئے لارڈ مئیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ایک فخر کرنے والے یارکشائر مین اور کسان ہیں اور کھیتی باڑی نے انہیں محنت، دیانت داری، ہمت اور کمیونٹی کی خدمت کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈ کی اصل طاقت اس کا تنوع، اتحاد اور کمیونٹی ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ ہر شہری خود کو خوش آمدید اور شامل محسوس کرے۔ لارڈ مئیر کرس ہرڈ نے اپنی مدت کے دوران تین خیراتی اداروں کی حمایت کا اعلان بھی کیا، جن میں نیبولا گرلز گروپ ،ڈاؤن سینڈرنگ ٹرینگ اور سہورات سروس اور بریڈفورڈ سی کیڈٹ شامل ہیں۔
اجلاس میں سبکدوش ہونے والے لارڈ مئیر کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انہوں نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ بریڈفورڈ کا تنوع اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے اپنے دور میں مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں، تقریبات اور کمیونٹی ایونٹس کے دوروں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوگوں کی خدمت پر فخر ہے۔
انہوں نے اپنی پسندیدہ فلاحی تنظیموں اُمید ویلفیئر ٹرسٹ اور مائنڈ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ادارے ضلع بھر میں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔
دوسری جانب بریڈفورڈ کونسل میں سیاسی صورتحال بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے بعد کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی، جس کے باعث کونسل میں نو اوور ہال کنڑول کی صورتحال میں داخل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریفارم یوکے کے ایک کونسلر کو کونسل کی قیادت سنبھالنے سے روک دیا گیا، کیونکہ دیگر جماعتوں اور آزاد کونسلرز نے متحد ہو کر ان کے خلاف ووٹ دیا۔ اس پیش رفت کے بعد کونسل میں نئی سیاسی صف بندیاں اور اتحاد بننے کا سلسلہ جاری ہے۔
لیبر پارٹی، جو کئی برسوں سے بریڈفورڈ کونسل میں مضبوط پوزیشن رکھتی تھی، اب پہلے جیسی اکثریت برقرار رکھنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جبکہ مختلف سیاسی گروپ اقتدار کے حصول کے لیے مشاورت اور اتحاد سازی میں مصروف ہیں۔
