بریڈفورڈ،کشمیرایکسپریس کی سالگرہ،صحافتی خدمات کوخراج تحسین

بریڈ فورڈ (خصوصی رپورٹ)برطانیہ میں اردو صحافت کے معتبر اور توانا آواز سمجھے جانے والے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی سالگرہ کی تقریب ، بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے ریسرچ ایسوسی ایٹ ڈاکٹر محمد شاہد علی، معروف سیاسی و سماجی رہنما چوہدری محمد مظہر، معروف سماجی رہنما ظہیر عارف، سابق وائس چیئرمین نیشنل ایکو یلٹی پارٹی ملک قاسم ضیاء اعوان، سینئر صحافی رجاسب مغل اور ایڈیٹر روزنامہ کشمیر ایکسپریس شمیم اشرف نے مشترکہ طور پر سالگرہ کا کیک کاٹا۔

تقریب میں شرکاء نے نہ صرف کشمیر ایکسپریس کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا بلکہ برطانیہ میں کمیونٹی کو درپیش مسائل، میڈیا کی ذمہ داری، مسئلہ کشمیر اور نوجوان نسل کی رہنمائی جیسے اہم موضوعات پر بھی کھل کر اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر محمد شاہد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر ایکسپریس نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی ہے اور تارکین وطن کمیونٹی کے مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں آزاد اور غیر جانبدار صحافت معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہاوہ میڈیا ہی زندہ رہتا ہے جو مصلحت کے بجائے حقائق کا ساتھ دیتا ہے۔ کشمیر ایکسپریس نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ترجیح دی اور یہی اس کی اصل طاقت ہے۔

معروف سیاسی و سماجی رہنما چوہدری محمد مظہر نے کہا کہ کمیونٹی کو متحد رکھنے اور نوجوان نسل کو مثبت سمت دینے میں ذمہ دار صحافت کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے ایوانوں تک پہنچانے میں جرات مندانہ کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاآج جب سوشل میڈیا پر جھوٹ اور پراپیگنڈا عام ہوچکا ہے، ایسے میں سنجیدہ اور ذمہ دار صحافت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ کشمیر ایکسپریس اس میدان میں قابلِ فخر کردار ادا کر رہا ہے۔

سابق وائس چیئرمین نیشنل ایکو یلٹی پارٹی ملک قاسم ضیاء اعوان نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والی ایشیائی کمیونٹی کو درپیش مسائل پر میڈیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، تاہم کشمیر ایکسپریس نے ہمیشہ بے آواز لوگوں کی آواز بننے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہاصحافت صرف خبر رسانی کا نام نہیں بلکہ ظلم، ناانصافی اور استحصالی نظام کے خلاف مزاحمت کا دوسرا نام ہے۔ کشمیر ایکسپریس نے ہمیشہ جرات اور دیانتداری کے ساتھ قلم کا حق ادا کیا ہے۔

معروف سماجی رہنما ظہیر عارف نے کہا کہ کمیونٹی کے اندر سماجی ہم آہنگی، نوجوانوں کی رہنمائی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس نے نہ صرف عوامی مسائل اجاگر کیے بلکہ کمیونٹی کو متحد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاہمیں ایسے میڈیا اداروں کی سرپرستی کرنی چاہیے جو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔ کشمیر ایکسپریس اسی سوچ کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔

ایڈیٹر روزنامہ کشمیر ایکسپریس شمیم اشرف اور سینئر صحافی رجاسب مغل نے میڈیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت شدید دباؤ، معاشی مشکلات اور ڈیجیٹل چیلنجز کے باوجود آج بھی سچ بولنے والوں کے لیے ایک مقدس ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد صحافت کے بغیر کسی بھی معاشرے میں جمہوریت، انصاف اور انسانی حقوق کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔

شمیم اشرف نے کہاکشمیر ایکسپریس نے ہمیشہ عوامی مسائل، مسئلہ کشمیر، اوورسیز کمیونٹی کے حقوق اور سماجی ناانصافیوں پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے اور ہم آئندہ بھی اسی مشن کو جاری رکھیں گے۔

رجاسب مغل نے کہامیڈیا اگر طاقتور حلقوں کے سامنے خاموش ہوجائے تو معاشرہ اندھیروں میں چلا جاتا ہے۔ سچ لکھنا اور سچ بولنا ہی اصل صحافت ہے اور کشمیر ایکسپریس اسی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کشمیر ایکسپریس کی مزید کامیابی، ترقی اور صحافتی میدان میں موثر کردار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور رجاسب مغل کی خالہ کی وفات پر اظہار افسوس کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.