مظفرآباد ( کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے آذربائیجان کے سرکاری نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ آذربائیجان نے ہر موقع پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی نامکمل تقسیم کا ایجنڈا ہے اور کشمیری عوام گزشتہ 80 برس سے بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری شناخت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کی مسلح افواج کی موجودگی میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو یہ خطے میں بڑے تنازع اور ممکنہ ایٹمی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے فلسطین کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو تنازعات کے حل میں سنجیدگی دکھانی چاہیے۔
انہوں نے آذربائیجان، چین اور ترکی کو پاکستان کے قریبی دوست قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور جمہوری سفر کو بھی سراہا۔
